
نئی دہلی: جے ایس ڈبلیو-جی ایم آر کی شریک ملکیت دہلی کیپٹلس نے جمعہ کو اسٹار آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو انڈین پریمیئر لیگ کے 2025 سیزن سے قبل ٹیم کا کپتان مقرر کیا۔
اکشر پٹیل، 31، نے 2019 میں دہلی کیپٹلز میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کے بعد سے چھ سیزن میں فرنچائز کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کیپٹلز کے لیے 82 میچوں میں 967 رنز بنائے ہیں اور 7.09 کی شاندار اکانومی سے 62 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
آج یہاں اس موقع پر اکشر کا ٹیم کے نئے کپتان کے طور پر خیرمقدم کرتے ہوئے دہلی کیپٹلس کے صدر کرن کمار گاندھی نے کہاکہ “ہم اکشر کو دہلی کیپٹلس کا کپتان مقرر کرتے ہوئے بے حد خوش ہیں۔
وہ 2019 سے کیپٹلز فیملی کا ایک لازمی حصہ رہا ہے اور یہ فیصلہ بطور کپتان ان کے لیے ایک فطری ترقی کی عکاسی کرتا ہے – دو سیزن کے لیے ہمارے نائب کپتان رہنے سے لے کر اب ٹیم کی قیادت کرنے تک انھوں نے ہمیشہ ہمارے لیے ہر موقع پر اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اکشر کو ہمارے کوچنگ اسٹاف اور تجربہ کار لیڈرشپ گروپ کا مکمل تعاون حاصل ہے اور میں ان کے نئے کردار میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
دہلی کیپٹلز کے شریک مالک پارتھ جندل نے کہاکہ “میں نے دہلی کیپٹلز میں بطور کرکٹر اور ایک کپتان کے طور پر اکشر کی ترقی کو پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔”
اکشر پٹیل نے کپتان مقرر ہونے پر کہاکہ “دہلی کیپٹلس کی کپتانی کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور میں اپنے مالکان اور معاون عملے کا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر جو اعتماد دکھایا ہے۔” دہلی کیپٹلس اپنی آئی پی ایل 2025 مہم کا آغاز 24 مارچ کو وشاکھاپٹنم میں لکھنؤ کے خلاف کرے گی۔