ہولی کے دن نماز جمعہ کیلئے 2 گھنٹوں کا وقفہ دیا جائے۔ دربھنگہ کی میئر انجم آراء کی تجویز پر تنازعہ (ویڈیو)

پٹنہ (آئی اے این ایس) دربھنگہ کی میئر انجم آراء نے جمعہ کے دن ہولی منانے کے دوران دوپہر 12:30 بجے تا 2:30 بجے 2 گھنٹوں کا وقفہ دینے کی خواہش کرتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا ہے۔ انہو ں نے نماز ِ جمعہ کے احترام کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہولی کو آگے پیچھے کیا جاسکتا ہے لیکن نماز جمعہ کا وقت بدلا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ مساجد کے قریب وقفہ دیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سابق میں ہولی اور رمضان پرامن طریقہ سے منائے جاتے رہے ہیں۔

انجم آراء نے منگل کی شام دربھنگہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے طلب کردہ امن میٹنگ میں یہ بات کہی۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے کھلے عام اپنا موقف دُہرایا جس پر سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا۔ جنتادل(یو) کے رکن قانون ساز کونسل نیرج کمار نے انجم آراء پر سخت تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو حکام کے سامنے اپنی بات رکھنی چاہئے‘ میڈیا کے سامنے نہیں۔ نظم وضبط کی برقراری‘ سیول اور پولیس اڈمنسٹریشن کی ذمہ داری ہے‘ سیاستدانوں کی نہیں جو میڈیا میں بیانات دیتے رہتے ہیں۔

دربھگنہ کے رکن پارلیمنٹ گوپال جی ٹھاکر نے کہا کہ سناتنیوں کے جذبات نہ بھڑکائے جائیں۔ راشٹریہ جنتادل کے رکن اسمبلی محمد انظر نعیمی اور جنتادل یو کے وزیر شراون کمار نے خود کو انجم آراء کے ریمارکس سے علیحدہ کرلیا۔

سیاسی تنقید پر انجم آراء نے اپنے بیان پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صبح سے مجھے لوگ بنگلہ دیشی اور غدار کہہ رہے ہیں۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ میرے تعلق سے اچھی طرح تحقیقات کرلے۔ بی جے پی مجھے نشانہ بنارہی ہے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *