
بلیا(یوپی) (پی ٹی آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رکن اسمبلی کیتکی سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ اترپردیش کے بلیا میں بننے والے میڈیکل کالج میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ وِنگ بنادیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کی سیفٹی یقینی بنانے یہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اکثر ہولی‘ رام نومی اور درگا پوجا جیسے ہندو تہواروں پر تکلیف محسوس ہوتی ہے۔
ہندوؤں کے ساتھ علاج کرانے میں بھی انہیں بے چینی ہوسکتی ہے۔ کیتکی سنگھ نے پیر کے دن میڈیا سے کہا کہ میں چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے گزارش کرتی ہوں کہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ وِنگ بنادیا جائے تاکہ ہندو محفوظ رہیں۔
کیا پتہ وہ ہمارے کھانے میں کیا تھوک دیں؟۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ مہاراج جی(یوگی) سے میری درخواست ہے کہ جب ڈھیر سارا پیسہ خرچ ہوہی رہا ہے تو مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ عمارت اور وِنگ بنادیا جائے۔
انہیں ہمارے ساتھ رہنے میں مسئلہ ہے تو وہ وہاں اپنا علاج کراسکتے ہیں۔ اپنے بیان پرسوشل میڈیا پر تنقید کے بارے میں پوچھنے پر بی جے پی قائد نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ان لوگوں کو صرف ووٹ بینک کی فکر ہے۔