
Photo courtesy to etv bharat
ایک ماں نے اپنی بیٹی سے 30 سال بعد ملاقات کی ۔جو نکسلائیٹ تحریک سے وابستہ رہی تھی تفصیلات کے مطابق چھتیس گڑھ پولیس کی حراست میں موجود سابق خاتون نکسلائیٹ وسنتا کی 30 سال بعد اپنی بیٹی بھوانی سے ملاقات ہوئی۔ان دونوں کی ملاقات جیل میں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کورٹلہ سے تعلق رکھنے والے پسولا رام ریڈی 1979 میں پیپلز وار گروپ میں شامل ہوئے۔ کچھ عرصے بعد وہ گرفتار ہو کر جیل چلے گئے، رہائی کے بعد انہوں نے کتھلاپور منڈل کی سری کنڈا گاؤں کے وسنتا سے شادی کی۔ بعد میں، دونوں دوبارہ پیپلز وار گروپ میں شامل ہو کر روپوش ہوگئے۔
اس دوران اس جوڑے کو بھوانی نام کی بیٹی پیدا ہوئی جسے انہوں نے ممبئی میں رشتہ داروں کے حوالے کر دیا۔ 2001 میں رام ریڈی جب شمالی تلنگانہ اسپیشل زون کے سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے
وہ کریم نگر ضلع کے ایلا ریڈی پیٹ منڈل کے مڈی ملا علاقے میں ایک انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگئے۔ وسنتا عرف شانتاکّا عرف ممتااکّا بعد میں دنداکارنیا کے بستر ڈویژن کمیٹی چھتیس گڑھ کی رکن کے طور پر سرگرم رہیں۔
تاہم، 2024 میں وہ صحت کے مسائل کے باعث کانکیر ضلع پولیس کے ہاتھوں پکڑی گئیں اور تب سے پولیس کی تحویل میں ہیں۔ پولیس نے ان کے خاندان کا پتہ لگایا اور تلنگانہ پولیس کو اطلاع دی۔
تین دن قبل پولیس نے ان کی بیٹی بھوانی کا سراغ لگا کر ماں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ پیر کی شام بھوانی اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کانکیر ضلع ایس پی کے دفتر پہنچی،
جہاں اس کی ماں وسنتا سے 30 سال بعد جذباتی ملاقات ہوئی۔ بھوانی اس وقت تلنگانہ کے ورنگل ضلع کے پرکال میں اپنے شوہر کے ساتھ مقیم ہے۔ ماں اور بیٹی کی یہ ملاقات کافی جذباتی تھی