
حیدرآباد ۔ زیادہ منافع کمانے کی لالچ میں ایک تاجر نے عوام کی جان کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ وہ برانڈڈ آئیل کمپنیوں کے لیبل (اسٹیکرس) لگا کر نقلی تیل فروخت کر رہا تھا۔ پیر کے روز ساؤتھ ایسٹ زون کے ٹاسک فورس پولیس نے چھاپہ مارا جس کے بعد یہ معاملہ منظر عام پر آیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے ملک پیٹ گنج میں واقع سری گنیش بالاجی لکڈاٹر آئیل کی دکان پر طویل عرصہ سے برانڈیڈ آئل کمپنیوں کے اسٹیکرس لگا کر نقلی تیل فروخت کیا جا رہا تھا۔
باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے کے بعد ساؤتھ ایسٹ ٹاسک فورس پولیس نے پیر کے روز دکان پر چھاپہ مارا۔ اس دوران کئی خواتین نقلی تیل کی بوتلوں میں برانڈیڈ کمپنیوں کے لیبل لگاتی ہوئی نظر آئیں۔ پولیس نے نقلی تیل کے ساتھ ساتھ بوتلیں، پیکٹ، اور “فریڈم سن فلاور ریفائنڈ آئیل” اور “فریش ہارٹ ریفائنڈ سن فلاور آئیل” کے لیبل بھی ضبط کیے۔
دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا اور ملزم کو مزید کاروائی کیلئے چادرگھاٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔