
رائے پور (آئی اے این ایس) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے پیر کے دن چھتیس گڑھ کے ضلع درگ میں پی ایم ایل اے کے تحت سابق چیف منسٹر بھوپیش بگھیل کے بیٹے اور دیگر افراد سے جڑے 14 ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔
یہ کارروائی ریاست میں 2161 کروڑ روپے کے مبینہ شراب اسکام کی جاریہ تحقیقات کا حصہ ہے۔ ای ڈی کی ٹیموں نے سابق چیف منسٹر بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیہ بگھیل کے بنگلہ کے علاوہ ان کے قریبی ساتھیوں اور تاجر لکشمی نارائن بنسل عرف پپو بنسل کے ٹھکانوں پر بھی دھاوے کئے۔ کہا جاتا ہے کہ تحقیقاتی عہدیداروں کو ثبوت ملا ہے کہ چیتنیہ بگھیل ان افراد میں شامل ہے جنہیں غیرقانونی کمائی کا حصہ ملا۔
جنوری میں ای ڈی نے سابق وزیر آبکاری کواسی لکھما کو گرفتار کیا تھا۔ لکھما پر الزام ہے کہ انہیں ماہانہ 2 کروڑ روپے کی غیرقانونی ادائیگی ہورہی تھی۔ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ شراب اسکام سے ملنے والی رقم کو رئیل اسٹیٹ میں لگایا گیا تھا۔ اس اسکام سے ریاستی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔
ای ڈی کی تازہ کارروائی نے چھتیس گڑھ میں سیاسی طوفان برپا کردیا۔ کانگریس ورکرس نے ای ڈی کے چھاپوں کے خلاف بھوپیش بگھیل کے بنگلہ کے سامنے احتجاج کیا۔ بھوپیش بگھیل نے ایکس پر پوسٹ میں چھاپوں کو سیاسی محرکہ قراردیتے ہوئے خارج کردیا۔
ای ڈی‘ سابق چیف منسٹر اور کانگریس جنرل سکریٹری بھوپیش بگھیل کے بھِلائی میں واقع بنگلہ پر صبح پہنچ گئی تھی۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ شراب اسکام 2019 اور 2022 کے درمیان ہوا تھا۔ اُس وقت کانگریس کی حکومت تھی اور بھوپیش بگھیل چیف منسٹر تھے۔ تحقیقاتی ایجنسی تاحال مختلف ملزمین کے 205 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کرچکی ہے۔ تحقیقات ہنوز جاری ہیں۔ آئندہ دنوں میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔