دل دہلا دینے والا واقعہ: شادی کی رات ہی دولہا دلہن کی موت

ایودھیا: اتر پردیش کے ایودھیا میں شادی کے محض چند گھنٹوں بعد ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں دلہن اپنے بستر پر مردہ پائی گئی، جبکہ دولہا نے خود کو پھندے سے لٹکا لیا۔ اس سانحے نے پورے خاندان کو صدمے سے دوچار کر دیا، جہاں کل تک خوشیوں کی گونج تھی، وہاں آج ماتم چھا گیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ ایودھیا کے صداقت گنج مراواں ٹولہ میں پیش آیا۔ 7 مارچ کو پردیپ اور شیوانی کی شادی ہوئی تھی اور اگلے دن استقبالیہ کی تیاریاں جاری تھیں۔ تاہم، جب صبح سات بجے تک دولہا اور دلہن نے دروازہ نہ کھولا تو گھر والوں کو تشویش ہوئی۔ کئی بار دستک دینے کے باوجود کوئی جواب نہ ملا جس کے بعد دروازہ توڑا گیا۔ اندر کا منظر دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ شیوانی کی لاش بستر پر پڑی تھی، جبکہ پردیپ چھت پر پھندے سے جھول رہا تھا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پردیپ نے پہلے اپنی نئی نویلی دلہن شیوانی کا گلا دبا کر قتل کیا اور پھر تقریباً آدھے گھنٹے بعد خودکشی کرلی۔

دولہے کے بھائی دیپک نے بتایا کہ واقعہ کے وقت وہ بازار میں تھا۔ انہیں گھر سے اطلاع ملی تو وہ فوراً واپس آئے اور منظر دیکھ کر صدمے میں چلے گئے۔ دیپک کا کہنا تھا کہ دونوں خاندانوں میں کسی قسم کی ناراضگی یا تنازعہ نہیں تھا۔

پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے اور پردیپ کے موبائل فون کو قبضے میں لے لیا ہے تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔ فرانزک ٹیم بھی شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہے۔ ایس ایس پی راجکرن نائر کے مطابق کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس افسوسناک واقعے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں کی لاشوں کو پہلے صداقت گنج لے جایا گیا اور پھر ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔پولیس کی مزید تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوگا کہ آخر اس دلخراش واقعہ کی اصل وجہ کیا تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *