
لتیہار (جھارکھنڈ) (پی ٹی آئی) مدھیہ پردیش کے ایک 40 سالہ مزدور کو جس پر بکریاں چرانے کا شبہ تھا، جھارکھنڈ کے ضلع لتیہار میں لوگوں کے ایک گروپ نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔
ایک پولیس عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز تقریباً 11 بجے شب صدر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع موضع گوا میں پیش آیا۔ مہلوک جس کی شناخت سلیم خان کی حیثیت سے ہوئی ہے، مدھیہ پردیش کے ضلع داتیہ کا ساکن تھا۔
وہ گزشتہ 3 ماہ سے اینٹوں کی بھٹی پر مزدور کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ صدر پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج دلار چوڑے نے یہ بات بتائی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے واقعہ پر پہنچی اور مزدور کو ان لوگوں کی گرفت سے بچایا جو اسے مار پیٹ کررہے تھے۔
چوڑے نے کہا کہ سلیم خان کو لتیہار صدر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے لائے جانے پر مردہ قرار دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کے لیے 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دیہاتیوں نے الزام لگایا کہ سلیم خان ہفتہ کی رات بکریاں چرانے کے لیے چند مکانات میں داخل ہوا تھا۔ سلیم کے چھوٹے بھائی جمیل خان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بڑا بھائی شراب نوشی کے لیے گوا گاؤں گیا تھا۔ دیہاتیوں نے اس پر بکری چور ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے پیٹنا شروع کردیا تھا۔