
نئی دہلی (آئی اے این ایس) اسمبلی الیکشن کے دوران کیا گیا بی جے پی کا اہم وعدہ پورا کرتے ہوئے دہلی کی چیف منسٹر ریکا گپتا نے ہفتہ کے دن اہل عورتوں کو ماہانہ 2500 روپے کی مالی امداد دینے کی اسکیم کو منظوری دے دی۔
اندازہ ہے کہ اس اسکیم سے 18 تا 60 برس کی عمر کی 15 تا 20 لاکھ عورتوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ان عورتوں کا تعلق سالانہ 3 لاکھ روپے آمدنی والے کنبوں سے ہوگا۔ خصوصی توجہ خط ِ غربت (بی پی ایل) سے نیچے زندگی گزارنے والے کنبوں پر دی جائے گی۔
اس اسکیم کے لئے دہلی میں گزشتہ 5 بر س سے مقیم رہنا اور آدھار نمبر سے جڑا بینک کھاتہ رہنا ضروری ہے۔ اس کے لئے آن لائن رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ سافٹ ویر ایسا بنایا گیا ہے کہ وہ بوگس یا فیک استفادہ کنندگان کو نکال باہر کرتا ہے۔
مہیلا سمردھی یوجنا نامی اس اسکیم کے لئے جاریہ مالیاتی سال میں 5100 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جواہرلال نہرو اسٹیڈیم میں بی جے پی کے قوم صدر جے پی نڈا نے بین الاقوامی یوم ِ خواتین کے موقع پر اس اسکیم کا اعلان کیا۔
اسکیم کے لئے اہلیت کا معیار کیا ہوگا اس کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ بی جے پی دہلی میں 27 برس بعد اقتدار میں لوٹی ہے۔