دوہرے شناختی کارڈس نمبروں کا مسئلہ اندرونِ تین ماہ حل کرلیا جائے گا : الیکشن کمیشن

نئی دہلی: (پی ٹی آئی) دوہرے ووٹر شناختی کارڈ نمبروں کے مسئلہ کی پردہ پوشی کے الزامات کے بیچ الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ اس دہائیوں قدیم مسئلہ کو آئندہ تین ماہ میں حل کردے گا۔

انتخابی اتھاریٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی انتخابی فہرستیں دنیا بھر میں رائے دہندوں کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس ہیں اور زائد از 99 کروڑ رائے دہندے درجِ رجسٹر ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ دوہرے انتخابی تصویری شناختی کارڈس (ای پی آئی سی) نمبروں کے معاملہ میں کمیشن نے اس مسئلہ کا نوٹ لیا ہے۔

ای پی آئی سی نمبر کا لحاظ کیے بغیر کوئی بھی رائے دہندہ جو ایک مخصوص پولنگ اسٹیشن کی انتخابی فہرست سے مربوط ہے، وہ صرف اسی پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈال سکتا ہے اور کہیں نہیں۔ انتخابی اتھاریٹی نے کہا کہ اس نے اب یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ اس دیرینہ مسئلہ کو حل کیا جائے۔

آئندہ تین ماہ میں ٹیکنیکل ٹیموں اور متعلقہ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسرس کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد موجودہ رائے دہندوں کو جن کے پاس دوہرے ای پی آ ئی سی نمبر ہیں، ایک منفرد قومی ای پی آئی سی نمبر الاٹ کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ نیا سسٹم مستقبل کے رائے دہندوں کے لیے قابل اطلاق رہے گا۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس نے مختلف ریاستوں میں دوہرے شناختی کارڈ نمبروں کا مسئلہ اٹھایا تھا اور الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *