اداکارہ رانیا راؤ 14.8 کیلو سونے کے ساتھ بنگلورو ایرپورٹ پر گرفتار

بنگلورو: کناڈا فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رانیا راؤ کو بنگلورو ایئرپورٹ پر 14.8 کلوگرام سونے کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام نے انہیں پیر کی رات حراست میں لینے کے بعد اقتصادی جرائم کی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رانیا راؤ کے والد ایک اعلیٰ پولیس افسر (IPS) ہیں، اور اب حکام اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔تحقیقات میں شامل افسران کے مطابق، رانیا راؤ دبئی سے ایمریٹس ایئر لائن کے ذریعے بنگلورو پہنچی تھیں۔ ان کے بار بار ہونے والے بین الاقوامی سفروں پر پہلے ہی نظر رکھی جا رہی تھی۔

جب سیکیورٹی اہلکاروں کو ان کی سرگرمیوں پر شبہ ہوا، تو ان کی سختی سے جانچ کی گئی، جس میں ان کے پاس سے بڑی مقدار میں سونا برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں ان پر سونے کی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، اداکارہ پچھلے 15 دنوں میں چار بار دبئی جا چکی تھیں، جس کی وجہ سے ان پر شبہ مزید گہرا ہوگیا۔ اسی بنیاد پر حکام نے انہیں ایئرپورٹ پر روک کر تفتیش کی، جہاں ان کے سامان سے 14.8 کلوگرام سونا برآمد ہوا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بنگلورو ایئرپورٹ پر گرفتار ہونے کے بعد رانیا راؤ نے مبینہ طور پر خود کو کرناٹک کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کی بیٹی بتایا اور مقامی پولیس اہلکاروں سے مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔

 اس پہلو پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا کسی قانون نافذ کرنے والے افسر کو ان کی غیر قانونی سرگرمیوں کا پہلے سے علم تھا یا انہیں کسی طرح گمراہ کیا گیا تھا۔ ڈی آر آئی کی تفتیش جاری، کیا یہ بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہے؟

گرفتاری کے بعد ڈی آر آئی (محکمہ محصولات انٹیلی جنس) کی ٹیم نے رانیا راؤ کو بنگلورو کے HBR لے آؤٹ میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر میں لے جا کر پوچھ گچھ کی۔ افسران یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا وہ اکیلی کام کر رہی تھیں یا دبئی اور بھارت کے درمیان کام کرنے والے کسی بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *