اسمبلی میں اورنگزیب کی تعریف، ابو عاصم اعظمی کو بجٹ اجلاس سے معطل کردیا گیا

ممبئی: سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کو مغل حکمراں اورنگزیب کے بارے میں بیان دینے پر اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے پورے بجٹ اجلاس کے لیے معطل کر دیا ہے۔ یہ تجویز پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے اسمبلی میں پیش کی، جس پر تمام اراکین اسمبلی نے اتفاق کیا۔

آج اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی سدھیر منگنٹیوار نے کہا کہ اورنگزیب ایک ظالم حکمران تھا، لیکن سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے نے اپنے ووٹروں کو خوش کرنے کے لیے اس کی تعریف کی۔

 منگنٹیوار نے مزید کہا کہ اورنگزیب نے ہندو خواتین کی توہین کی، مندروں کو تباہ کیا اور ہندوؤں کا قتل عام کیا، اس لیے وہ کسی بھی صورت میں رول ماڈل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اورنگزیب کی تعریف کرنے والے ایس پی ایم ایل اے کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔

اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے ابو عاصم اعظمی کو بجٹ اجلاس کے اختتام تک معطل کرنے کی تجویز پیش کی، جسے حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے تمام اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اسپیکر راہل نارویکر نے اعلان کیا کہ ابو عاصم اعظمی کو بجٹ اجلاس کے اختتام تک معطل کیا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کی مشاورتی کمیٹی نے بجٹ اجلاس 3 مارچ سے 26 مارچ تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کے روز ابو عاصم اعظمی نے اورنگزیب کو ایک اچھا حکمران قرار دیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف تھانے ضلع کے واگلے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

 ابو عاصم اعظمی کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر منگل کو قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کی کارروائی بھی ملتوی کر دی گئی اس سے قبل ہی ابو عاصم نے اس تعلق سے معافی بھی مانگ لی تھی اور وضاحت کی تھی کہ انکے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *