تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم کی تاریخ طئےکردی گئی؟

حیدرآباد: تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم کی تاریخ طے کر دی گئی ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے اُگادی تہوار سے نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ریاست کے تمام راشن کارڈس کو اب نئے فارمیٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہ کارڈس اے ٹی ایم کارڈ کے سائز میں ہوں گے، ان پر کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا، اور ان کا رنگ ہلکا نیلاہوگا۔

کارڈ کے ایک طرف وزیراعلی ریونت ریڈی کی تصویر ہوگی، جبکہ دوسری طرف وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی کی تصویر ہوگی۔ پہلے مرحلے میں ان افراد کو یہ کارڈ جاری کئے جائیں گے جنہوں نے حال ہی میں راشن کارڈ کے لئے درخواست دی تھی اور اس کے بعد مرحلہ وار تمام افرادکو نئے کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔

 ریاست میں ئے راشن کارڈس کی منظوری کے لئے عوامی اجلاس گرام سبھائیں، اور می سیوا مراکز کے ذریعہ تقریباً 13 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ خاندان کے افراد کے ناموں میں تبدیلی اور پتہ تبدیل کرنے سے متعلق 24 لاکھ درخواستیں بھی آئی ہیں۔

 حکومت نے ان تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ نئے کارڈس جاری کرنے سے پہلے راشن کارڈس کے ڈیزائن کو بھی تبدیل کیا جائے۔ یہ نئے کارڈس اے ٹی ایم کارڈس کی طرح ہوں گے اور ان میں خصوصی چِپ یا کیو آر کوڈ شامل کیا جائے گا۔

تقریباً چار ماہ قبل عہدیداروں نے کرناٹک، مہاراشٹر، اور کیرالا کا دورہ کیا اور وہاں کے راشن کارڈس اور تقسیم کے نظام کا مطالعہ کیا۔ اس تحقیق کے بعد انہوں نے تلنگانہ میں بھی اسی طرز کے کارڈس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔

حکومت نے یکم مارچ کو ایک لاکھ نئے کارڈس جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر اس عمل میں تاخیر ہو گئی۔ بالآخر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اُگادی کے موقع پر ان نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کر دیا جائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *