ممبئی کی اے سی بی عدالت نے سابق سیبی چیئر پرسن مادھبی پوری بُچ اور 5 دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔


مادھبی پوری بُچ، تصویر یو این آئی
سیبی کی سابق چیئر پرسن مادھبی پوری بُچ کو بامبے ہائی کورٹ سے راحت مل گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے شیئر بازار دھوکہ دہی معاملے میں مادھبی پوری بُچ اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے خصوصی عدالت کے حکم پر روک لگا دی ہے۔
اس سے قبل ممبئی کی اے سی بی عدالت نے سابق سیبی چیئر پرسن مادھبی پوری بُچ اور 5 دیگر کے خلاف مبینہ شیئر بازار دھوکہ دہی اور ریگولیٹری کی خلاف ورزی کے الزام میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کو چیلنج دینے کے لیے بُچ سمیت دیگر لوگوں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ اس معاملے میں آج منگل کو سماعت ہوئی۔
3 مارچ کو مادھبی پوری بُچ، آل ٹائم ممبرس اشونی بھاٹیہ، اننت نارائن، کملیش چند ورشنے، بی ایس ای کے سی ای او سندررمن رام مورتی اور اور سابق چیئرمین پرمود اگروال نے اپنے خلاف اے سی بی عدالت کے ایف آؑئی والے حکم کو چیلنج دینے کے لیے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ عدالت نے اس دوران معاملے کی سماعت تک ایف آئی آر نہ کرنے کی بات کہی تھی۔ منگل کو معاملے کی سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے ایف آئی آر درج کرنے کے خصوصی عدالت کے حکم پر روک لگا دی۔
قابل ذکر ہے کہ خصوصی اے سی بی عدالت کے جج، ششی کانت ایکناتھ راؤ بانگڑ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ان لوگوں کے خلاف ضابطوں میں چوک اور ملی بھگت کے پہلی نظر میں ثبوت ملے ہیں۔ اس لیے اس میں ایک غیر جانبدارانہ جانچ کی ضرورت ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ وہ جانچ کی نگرانی کرے گی اور 30 دنوں کے اندر معاملے کی حالت رپورٹ مانگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔