
لکھنؤ: اترپردیش اسمبلی میں منگل کو ایک رکن کے گٹکھا کھا کر تھوکنے پر اسمبلی اسپیکر ستیش مہانہ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کو صاف رکھنے کی ذمہ داری سبھی 403 ارکین کی ہے۔
اسمبلی کے بجٹ سیشن میں ایوان کی آج کاروائی شروع ہوتے ہی مہانا نے کہا’اسمبلی میں ایک معزز رکن نے گٹکھا کھا کر گندگی پھیلائی ہے۔ اطلاع ملنے پر میں نے ویڈیو کے ذریعہ اس رکن کو گندگی کرتے دیکھا ہے۔ میں ان کا نام نہیں لونگا لیکن اس رکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود آکر مجھ سے ملاقات کریں۔ نہ ملنے کی صورت میں میں خود ان کو طلب کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو صاف رکھنے کی ذمہ داری صرف میری نہیں ہے بلکہ سبھی 403 اراکین کی ہے جو ریاست کی 21 کروڑ کی آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس لئے میری اپیل ہے کہ سبھی اسمبلی سمیت پوری ودھان بھون کو صاف رکھنے میں تعاون دیں۔