
الور: راجستھان کے الور میں جمعرات کو ٹیچر اہلیت ٹیسٹ (آر ای ای ٹی) کی پہلی شفٹ کا انعقاد ہوالیکن گوگل میاپ نے تقریباً 6 امیدواروں کو گمراہ کیا جس کی وجہ سے وہ امتحان سے محروم رہ گئے۔
کچھ امیدواروں کا مرکز گوری دیوی کالج تھا، کچھ امیدوار گوگل میاپ کے ذریعہ الور پہنچے اور انہیں کالج کا دوسرا دروازہ دکھایا جا رہا تھا۔ اس دروازے سے کوئی داخلہ نہیں تھا۔ہریانہ کے امیت نے بتایا کہ وہ 15 منٹ قبل جی ڈی کالج الور پہنچ گئے لیکن گوگل میاپ پر کالج کا جو راستہ دکھایا گیا ہے وہ گیٹ بند تھا جبکہ کالج کے داخلہ کا گیٹ دوسرا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب تک ہم سنٹر کے داخلی دروازہ پر پہنچے تو گیٹ پر انٹری نہیں دی گئی۔ صرف 30 سیکنڈ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے انہیں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔اسی طرح طالبہ سندھیا نے کہا کہ گوگل میاپ نے اسے گمراہ کیا۔ میں 4 سال سے محنت کر رہی ہوں۔
انہیں ایک منٹ تاخیر سے پہنچنے پر داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ گوگل میاپ نے کئی امیدواروں کے ٹیچر بننے کے خواب چکنا چور کر دیے۔ کئی مقامات پر سڑک جام ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔نوڈل انچارج بینا مہاور نے بتایا کہ آر ای ای ٹی کا امتحان 27 فروری کو صبح 10 بجے پہلی شفٹ میں شروع ہوا۔
بائیو میٹرک طریقہ سے شناخت کے بعد ہر کسی کو داخلہ دیا جا رہا ہے۔ دوسری شفٹ دوپہر 3 بجے سے شام 5:30 بجے تک (لیول II) اور تیسری شفٹ 28 فروری کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک (لیول II) ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کو ہمواراور شفاف طریقہ سے منعقد کرنے کے لیے 3 درجوں پر مشتمل سیکوریٹی سسٹم لگایا گیا ہے۔