
الہ آباد:الہ آباد ہائی کورٹ نے رمضان المبارک سے قبل سنبھل کی شاہی جامع مسجد کی پینٹنگ (رنگ و روغن) کے معاملہ پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جس میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (ASI) کا نمائندہ، ایک سائنسی ماہر اور مقامی انتظامیہ کا ایک افسر شامل ہوگا۔
جسٹس روہت رنجن اگروال کے فیصلہ کے مطابق، یہ کمیٹی مسجد کی اصل ساخت کو محفوظ رکھتے ہوئے پینٹنگ کے کام کی نگرانی کرے گی۔ عدالتی فیصلہ کے بعد مسجد کے اطراف سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور پولیس عہدیدار مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
مقامی افراد نے اس فیصلہ پر ملا جلا ردعمل دیا، کچھ نے اسے مثبت قدم قرار دیا جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ غیر ضروری طور پر طول پکڑ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے رمضان سے قبل اس کی خوبصورتی بحال کی جائے گی اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔