
دہلی: ویتنام کے شہر ہنوئی میں سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کی ویڈیو دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سالگرہ منانے والی لڑکی نے کیک پر لگی موم بتی بجھاتی ہے تو ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس سے پورا کمرہ دھوئیں سے بھر گیا۔
یہ واقعہ 14 فروری کو ایک ریستوران میں پیش آیا، جہاں سالگرہ کے لیے خاص طور پر غباروں سے سجاوٹ کی گئی تھی۔ سالگرہ منانے والی لڑکی نے اپنے لیے الگ سے ایک غباروں کا گچھا بھی خریدا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی غبارے جلتی ہوئی موم بتی کے قریب پہنچے، ایک زبردست دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔
دھماکے کے بعد لڑکی نے فوراً غبارے اور کیک پھینک کر اپنا چہرہ ڈھانپ لیا اور وہاں سے بھاگ گئی، جس کی وجہ سے وہ مزید نقصان سے بچ گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق، لڑکی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، تاہم اس کے زخم ٹھیک ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، سالگرہ کے لیے خریدے گئے کچھ غبارے ہائیڈروجن گیس سے بھرے ہوئے تھے، جو کہ انتہائی آتش گیر ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے، دیگر غبارے ہیلیم گیس سے بھرے تھے، ورنہ حادثہ اور زیادہ سنگین ہو سکتا تھا۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔