ممتا نے آر جی کر معاملے پر کہا کہ بھائی بہنوں کی حفاظت کریں۔ ’اپراجت بل‘ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بل عصمت دری کے مجرموں کو سزائے موت دینے کی تجویز پیش کرتا ہے، اگر متاثرہ کی موت یا معذوری ہو جائے


مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / تصویر: آئی اے این ایس
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر (24 فروری) کو کولکاتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج اور ہاسپٹل کی متوفی خاتون ڈاکٹر کو اپنی ’بہن‘ بتاتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے حوالے سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس جرم کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا اور اس مسئلہ پر حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ممتا بنرجی نے مذکورہ باتیں کولکاتہ کے ’دھونو دھانیو آڈیٹوریم‘ میں جونیئر اور سنیئر ڈاکٹروں اور میڈیکل طلباء کو خطاب کے دوران کہا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا ان کی حکومت نے خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کئی کوششیں کی ہیں۔
ممتا بنرجی نے خطاب کے دوران ’اپراجت بل‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل عصمت دری کے مجرمین کو سزائے موت دینے کی تجویز پیش کرتا ہے۔ اگر جرم کے نتیجے میں متاثرہ کی موت ہو جائے یا وہ پوری زندگی کے لیے معذور ہو جائے۔ ساتھ ہی ممتا بنرجی نے یہ بھی بتایا کہ اس بل کو مغربی بنگال اسمبلی میں گزشتہ سال ستمبر میں منظور کیا گیا تھا، لیکن یہ اب بھی صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہے۔ اس بل کے حوالے سے ممتا بنرجی نے آگے کہا کہ اس کے سلسلے میں ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے صدر جمہوریہ دروپدی مورمو سے ملاقات کی تھی اور اس کو جلد پاس کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ممتا بنرجی نے آر جی کر حادثے پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود سڑک پر اتر کر اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے تمام بھائیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے آگے آئیں۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ ’’میں اپنے بھائیوں کو یہ ذمہ داری سونپتی ہوں کہ وہ ہماری بہنوں کی حفاظت کریں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکیں۔‘‘