
نارائن پیٹ میں صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کا مثالی اقدام
مستحقین میں 50 ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم
نارائن پیٹ: 23 فروری (اُردو لیکس ) نارائن پیٹ میں صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کی جانب سے نارائن پیٹ ٹاؤن کے میٹرو گارڈن فنکشن ہال میں غربت کے خاتمے اور مستحقین کی خود کفالت اور انکی معاشی استحکام کے لیے تقریباً 8 لاکھ روپے مالیاتی 50 ٹھیلہ بنڈیاں تقسیم کرنے کا ایک مثالی اقدام کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب میٹرو گارڈن فنکشن ہال میں منعقد ہوئی۔
جس میں صفا بیت المال مرکزی دفتر سے محمد احتشام الدین فیصل ( ایونٹ مینیجر) محمد دانش سروے آفیسر’ محمد سمیر’ عبدالماجد’ عبدالرحیم’ سید فیضان’ ایم ڈی حمید نے شرکت کی۔ جبکہ اس تقریب میں مقامی مہمان خصوصی سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین بارگاہ تقی بابا رح نارائن پیٹ’ الحاج محمد نواز موسی’ عبدالسیم ایڈوکیٹ’ امیر الدین ایڈوکیٹ’ نے شرکت کی
۔ اس موقع پر محمد احتشام الدین ایونٹ مینیجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مستحقین کو باوقار روزگار فراہم کرتے ہوئے انہیں معاشراتی اور اقتصادی طور پر خود مختار بنانا ہے۔ اس ضمن میں نارائن پیٹ میں صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کی جانب سے 50 ٹھیلہ بنڈیاں مفت تقسیم کی گئی۔ جس میں فروٹ کے 35 اور مشترکہ ترکاری میں 15 ٹھیلہ بنڈیاں تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر نارائن پیٹ کے معزز اشخاص نے صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کیا ہے۔ آخر میں صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کو تہنیت پیش کی گئی۔
مقررین نے اس موقع پر ٹھیلہ بنڈیاں حاصل کرنے والے افراد کو کہا کہ وہ اس امداد کا بھر پور فائدے اٹھائیں اور اسکا صحیح استعمال کرتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ اس موقع پر مقامی تعاون میں محمد جعفر چاند’ محمد تقی خرادی موذن’ ریاض الدین رنگریز’ حافظ محمد تقی’ عبدالرحیم ودیگر نے اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں تقریب کا اختتام مولانا فاروق بن مخاشن کی دعا پر ہوا
۔بعد ازاں ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ بانی و صدر نور جہاں وعبدالحفیظ کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ نارائن پیٹ نے بھی صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کیا ہے۔