مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی تشییع کے موقع پر اپنے پیغام میں دونوں عظیم مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ ظلم اور استکبار کے خلاف مزاحمت کبھی ختم نہیں ہوگی اور اللہ کی اجازت سے اپنے مقصد تک پہنچے گی۔
رہبر معظم کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قال اللہ عز و جل: “وَلِلّٰہِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُولِهِ وَلِلْمُؤْمِنِینَ وَلَٰکِنَّ الْمُنَافِقِینَ لَا یَعْلَمُونَ”
مجاہد کبیر اور خطے میں مقاومت کے پیشوا شہید سید حسن نصر اللہ (علیہ اللہ مقامہ) اب عظمت کی بلندیوں پر ہیں۔ ان کا پاک جسم سرزمین جهاد میں دفن کیا جائے گا لیکن ان کی روح اور ان کا راستہ ان شاء اللہ ہر دن پہلے سے زیادہ سرفراز اور پیروکاروں کے لیے ہدایت کا راستہ دکھاتا رہے گا۔ دشمن کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ غصب، ظلم اور استکبار کے خلاف مقاومت کبھی ختم نہیں ہوگی اور اللہ کی مشیت سے اپنے مقصد تک پہنچے گی۔
شہید سید ہاشم صفی الدین (رضوان اللہ علیہ) بھی خطے کی تاریخ کا ایک درخشاں ستارہ ہیں۔ وہ لبنان کی مقاومت کے رہبر کے قریبی معاون اور اس کا ناقابل تفکیک حصہ تھے۔
اللہ اور اس کے صالح بندوں کا سلام ہو ان دونوں عظیم مجاہدوں اور ان تمام شجاع و جانثار مجاہدین پر جو حالیہ عرصے میں شہید ہوئے۔
میں خاص طور پر میرے لبنانی عزیز جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سیّد علی خامنہ ای