
عادل آباد ۔ ریاست تلنگانہ کے عادل آباد شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نابالغ لڑکی اس کے پڑوس میں رہنے والے باپ اور بیٹے نے مبینہ طور پر اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ یہ افسوسناک واقعہ 18 تاریخ کو شہر کی ایک کالونی میں پیش آیا جہاں ملزمین نے اپنی رہائش گاہ میں لڑکی کے ساتھ زیادتی کی۔
واقعہ کے بعد لڑکی کی طبیعت بگڑ گئی جس پر اسے علاج کے لیے RIMS اسپتال منتقل کیا گیا۔ دو دن بعد یعنی جمعہ کے روز متاثرہ لڑکی نے اپنی ماں کو اس شرمناک حرکت کے بارے میں بتایا جس کے بعد یہ معاملہ منظر عام پر آیا۔
متاثرہ لڑکی کے ارکان خانتکی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور لڑکی کو طبی معائنہ کے لیے رمس اسپتال لے جایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی عادل آباد انچارج ایس پی جانکی شرمیلا رمس اسپتال پہنچیں اور متاثرہ لڑکی سے ملاقات کی۔عادل آباد انچارج ایس پی جانکی شرمیلا نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس شرمناک حرکت میں ایک خاتون بھی ملوث ہے جس نے ملزمین کی مدد کی۔
واضح رہے کہ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد عوام میں غم و غصہ کی لہر پائے جا رہی ہے وہیں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بشمول مسلم سیاسی جماعتوں کے قائدین ریمس ہسپتال پہنچ کر ملزمین کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ملزمین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔