
کھمم سٹی کانگریس پارٹی اقلیتی صدر حافظ شیخ عباس بیگ نے ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ اس ملاقات کے دوران، حافظ شیخ عباس بیگ نے کھمم کے رکن اسمبلی و ریاستی وزیر زراعت کو ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کے دوران کھمم شہر اور کھمم رورل میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر جنازہ لے جانے کے لیے مزید دو گاڑیوں کے انتظام کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھمم شہر میں 60 ڈویژنوں کے لیے صرف ایک جنازہ گاڑی دستیاب ہے، جس کی وجہ سے عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض اوقات ایک ہی وقت میں تین تین جنازے ہونے کی صورت میں خاص طور پر مستحق افراد کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔
کھمم سٹی کانگریس پارٹی اقلیتی صدر شیخ عباس بیگ نے وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ سے درخواست کی کہ ایک جنازہ گاڑی ناکافی ہے اور فوری طور پر مزید دو گاڑیوں کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک گاڑی کھمم رورل کے لیے اور دو گاڑیاں کھمم شہر کے لیے مختص کی جائیں۔
ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے فوری طور پر کھمم میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ابھیشیک کو ہدایت دی کہ وہ جنازہ گاڑیوں کے فوری انتظام کے سلسلے میں ضروری احکامات جاری کریں۔