تلنگانہ:مصیبت میں گھرے افراد کی بروقت مدد۔غیر معمولی خدمات پر کانسٹیبل شراون کمارکو باوقارراشٹرپتی جیون رکشاپدک

حیدرآباد: مقدمات کے حل میں شاندار کارکردگی دکھانے اور چوروں کو پکڑنے والے پولیس ملازمین کو تو ہم نے دیکھا ہے، مگر یہ کانسٹیبل ان سب سے بالکل مختلف ہے۔

مصیبت میں پھنسے افرادکی مدد کرنے میں کبھی پیچھے نہ ہٹنے والا، چاہے سڑک حادثات ہوں یا آگ میں گھرے افراد، اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انہیں بچانے والاکانسٹیبل پنجہ گٹہ ٹریفک سے وابستہ شراون کمار ہے۔ان کی بہادری اور بے مثال شجاعت کو دیکھتے ہوئے انہیں باوقار راشٹرپتی جیون رکشاپدک ایوارڈ سے نوازاجائے گا۔

سڑک پر پیش آنے والے آگ لگنے کے حادثات میں اکثر افرادمتاثرین کو دیکھ کر ہمیں کیا لینا دینا کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ کچھ افرادتو اس خوف سے مدد کے لئے ہاتھ نہیں بڑھاتے کہ کہیں انہیں بعد میں پولیس اسٹیشن کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔مگر حیدرآباد کے ٹریفک کانسٹیبل شراون کمار ان سب سے بالکل مختلف ہیں۔

چاہے کہیں بھی کوئی حادثہ ہو، وہ بے خوفی سے آگے بڑھ کر مصیبت میں گھرے افرادکی مدد کرتے ہیں۔سال 2023 میں حیدرآبد کے بنجارہ ہلز اور پنجہ گٹہ علاقوں میں الگ الگ آگ لگنے کے حادثات پیش آئے۔ جب کانسٹیبل شراون کمار نے متاثرین کی چیخ و پکار سنی تو وہ فوراً حرکت میں آگیا، دروازے توڑ کر آگ میں پھنسے6افرادکو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔

ان افراد نے جو موت کے منہ سے واپس آئے، کانسٹیبل کمار کی بہادری اور قربانی کی دل سے ستائش کی۔ایسی کئی بے لوث خدمات انجام دینے پر انہیں قومی سطح پر پہچان ملی اورراشٹرپتی جیون رکشا پدکم ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

کانسٹیبل شراون کمار نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثات کے وقت بغیر کسی ہچکچاہٹ کے متاثرین کی مدد کریں۔تلنگانہ سے راشٹرپتی جیون رکشا پدک حاصل کرنے والے شراون کمارکے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ رشتہ داروں، دوستوں اور خیرخواہوں نے ان کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

وہ جلد ہی صدر جمہوریہ ہند کے ہاتھوں یہ ایوارڈ حاصل کریں گے، ان کی غیرمعمولی خدمات پر ہر طرف سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *