افتتاحی پروگرام اور اجلاس میں ڈاکٹر ایم کے ایم ظفر و دیگر کا اظہار خیال
کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام کا بنیادی مقصد ملت کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے، جس میں خاص طور پر تعلیمی، معاشی اور سماجی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس سینٹر میں تعلیم اور معاشی استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی ملت میں شعور بیدار کرنے اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اسکیموں کی رہنمائی اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ خیالات ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر، امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ نے راہاہیبیٹیٹ لکڑی کا پل حیدرآباد میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام اور افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں پیش کیے۔ ڈاکٹر خالد مبشر الظفر نے سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور جماعت اسلامی ہند کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ڈاکٹر ایم کے ایم ظفر نے اس موقع پر زور دیا کہ ملت کے تمام مکاتبِ فکر، علما، دانشوروں اور مختلف جماعتوں کے ذمہ داران کو ساتھ لے کر اس مرکز کو ایک مربوط اور موثر نظام بنانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر شیخ محمد عثمان، سکریٹری شعبہ ملی امور جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ نے سینٹر کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور گیارہ رکنی مشاورتی ٹیم کا انتخاب کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو دنوں میں اس ٹیم کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں تعلیم، معیشت، صحت، میڈیا اور ریٹائرڈ سرکاری افسران شامل ہوں گے تاکہ سینٹر کے عملی اقدامات کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔
یہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر ملت کے لیے ایک امید کی کرن ہے جو تعلیم، معاشی خود کفالت اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر اسکل ڈیولپمنٹ اور مائیکرو فنانس کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ سینٹر کا مرکزی دفتر راہاہیبیٹیٹ لکڑی کا پل صبح 11 بجے دن تا شام 5 بجے تک کھلا رہے گا۔ مزید تفصیلات کے لیے موبائل نمبر 9394071672 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔