نئی دہلی ۔ گجرات حکومت نے ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جج رنجنا دیسائی کریں گی، جو اس اہم قانون سازی کے عمل میں رہنمائی فراہم کریں گی۔ گجرات کے چیف منسٹر بھوپندر پٹیل نے منگل کے روز اس فیصلے کا اعلان کیا
اور بتایا کہ کمیٹی یو سی سی کے مسودے کو تیار کرے گی اور اس پر قانون بنانے کی تجویز پیش کرے گی۔ چیف منسٹر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’یہ کمیٹی 45 دنوں کے اندر اپنی رپورٹ ریاستی حکومت کو پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر حکومت مستقبل میں اس معاملے پر فیصلہ کرے گی۔‘‘
یاد رہے کہ یکساں سیول کوڈ ایک ایسا قانون ہے جس کا مقصد تمام شہریوں کے لیے یکساں ذاتی قوانین فراہم کرنا ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب، ذات یا برادری سے تعلق رکھتے ہوں۔گجرات میں یو سی سی نافذ کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اتر کھنڈ میں اس کا نفاذ عمل میں آچکا ہے۔
حکومت کا مقصد ہے کہ ریاست میں تمام فرقوں کو یکساں قانون کے تحت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ کسی بھی شخص کو مذہبی یا ثقافتی بنیاد پر امتیاز کا سامنا نہ ہو۔ تاہم اس حساس مسلہ پر اقلیتوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اس کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی حکومت اگلے اقدامات کی تفصیلات طے کرے گی۔