دہلی اسمبلی انتخاب: ووٹنگ سے چند روز قبل عام آدمی پارٹی کو خیرباد کہنے والے آٹھوں اراکین اسمبلی بی جے پی میں شامل

بی جے پی میں شامل ہونے والے عآپ کے تمام سابق اراکین اسمبلی ’دہلی اسمبلی انتخاب 2025‘ میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب </p></div><div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب </p></div>
user

دہلی اسمبلی انتخاب کی ووٹنگ سے چند روز قبل ہی عام آدمی پارٹی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ جمعہ (31 جنوری) کو ہی عام آدمی پارٹی کے 8 موجودہ اراکین اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ آج ہفتہ (1 فروری) کو آٹھوں اراکین اسمبلی نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔ ان تمام اراکین اسمبلی نے دہلی کے ریاستی صدر ویریندر سچدیوا اور بیجینت جئے پانڈا کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے آٹھوں اراکین اسمبلی کے نام اور حلقہ اسمبلی کے نام یہ ہیں: پون شرما آدرش نگر، گریش سونی مادی پور، راجیش رشی جنک پوری، بی ایس جون بجواسن، بھاونا گور پالم، روہت مہرولیا تری لوک پوری، مدن لال کستوربا نگر اور نریش یادو مہرولی۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق یہ تمام اراکین اسمبلی ’دہلی اسمبلی انتخاب 2025‘ میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض تھے اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رابطے میں تھے۔ عام آدمی پارٹی کو خیرباد کہنے والے کئی اراکین اسمبلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر استعفیٰ دیا تھا۔ ساتھ ہی ان اراکین نے بدعنوانی اور دیگر مسائل پر عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا تھا۔

 قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی کے حوالے سے عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان رینا گپتا نے کہا کہ ’’پارٹی کی جانب سے کرائے گئے سروے سے پتہ چلا ہے کہ یہ تمام اپنے اپنے حلقہ اسمبلیوں میں عوام کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کو اسمبلی انتخاب میں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے سروے کے منفی نتائج کی وجہ سے ہی انہیں ٹکٹ نہیں دیا۔ ٹکٹ نہیں ملنے کے بعد اب وہ دوسری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ یہ سیاست کا حصہ ہے۔‘‘


[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *