بلاس پور: چھتیس گڑھ کے بلاس پور ڈویژن میں ایک تین سال کے بچے میں ہیومن میٹاپنیووائرس (ایچ ایم پی وی) وائرس کے انفیکشن کا پتہ چلا ہے، جس سے محکمہ صحت میں ہڑکمپ مچ گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں ایچ ایم پی وی کا یہ پہلا کیس ہے۔
کوربا ضلع کا بچہ ایچ ایم پی وی سے متاثر پایا گیا ہے۔ وہ 27 جنوری سے بلاس پور کے اپولو اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہے۔
بچے کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسے سردی، کھانسی اور بخار کی شکایت تھی۔ بلاس پور اور کوربا اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بلاس پور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرمود تیواری نے بتایا کہ کوربا کے رہنے والے ایک شخص کا تین سالہ بیٹا سردی، کھانسی اور بخار میں مبتلا تھا۔
جب اس کی حالت بہتر نہیں ہوئی تو اسے 27 جنوری کو بلاس پور کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
بچے میں ہیومن میٹاپنیووائرس انفیکشن کے امکان کو دیکھتے ہوئے، اس کا نمونہ ایمس، رائے پور میں جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا۔
ٹیسٹ رپورٹ میں تصدیق ہوئی کہ بچہ ایچ ایم پی وی سے متاثر ہے۔
متاثرہ بچے کو اسپتال میں دیگر مریضوں سے الگ رکھتے ہوئے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج ماہر اطفال ڈاکٹر سشیل کمار کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر تیواری نے کہا کہ بچے کی حالت میں کوئی خاص بہتری نہیں ہے۔ اسے بہتر علاج کے لیے رائے پور کے ایمس بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔