ہندوستانی خلائی سائنس دان دورجے انگچک نے لداخ میں زمین کی گردش کا شاندار ویڈیو ریکارڈ کیا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
وہ ہانلے میں واقع انڈین ایسٹرانومیکل آبزرویٹری میں بطور انجینئر انچارج کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے 24 گھنٹوں تک ٹائم لیپس تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے یہ ویڈیو بنایا اور اسے ایک منٹ کی مختصر فلم میں تبدیل کیا۔
ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ ستارے ساکن ہیں جبکہ زمین مسلسل گردش کر رہی ہے۔ انگچک نے بتایا کہ یہ ویڈیو بنانا کافی مشکل تھا، کیونکہ شدید سردی کی وجہ سے کئی بار بیٹریاں خراب ہو گئیں اور ٹائمر بھی کام نہیں کر رہا تھا۔
لیکن چونکہ انہیں طلبہ کے لیے زمین کی گردش کو آسانی سے سمجھنے کے لیے ایک تعلیمی ویڈیو بنانے کی درخواست ملی تھی، اس لیے وہ تمام رکاوٹوں کے باوجود اپنے کام کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔