[]
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دو سال سے زیادہ کی پابندی کے بعد بالآخر سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹویٹر) پر واپس آ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے جمعرات کی رات اپنا ایک مگ شاٹ پوسٹ کیا جس کا عنوان تھا: ‘انتخابی مداخلت، کبھی خودسپردگی نہ کریں۔’
مگ شاٹ جمعرات کے اول وقت میں اس وقت آیا جب انہوں نے جارجیا کے انتخابات میں مداخلت کے معاملے میں اٹلانٹا میں حکام کے سامنے خود سپردگی کی تھی۔ صرف دو گھنٹے کے اندر، ان کی پوسٹ پر تقریباً 4,85,000 لائکس، 1,42,000 دوبارہ پوسٹ اور 47,300 کوٹس سامنے آئے۔
واضح رہے کہ 06 جنوری 2021 کو سابق امریکی صدر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ امریکی صدر دفتر کیپیٹول کے فسادات کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے نومبر 2022 میں ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کردیا تھا۔ تاہم مسٹر ٹرمپ نے فوری طور پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کیا۔
مسٹر ٹرمپ، جو دوبارہ الیکشن لڑنے کے خواہاں ہیں، وہ فاکس نیوز کے سابق میزبان ٹکر کارلسن کے ساتھ اپنا انٹرویو نشر ہونے کے ایک دن بعد ایکس پر واپس لوٹ آئے۔
ڈونالڈ ٹرمپ پر پابندی لگنے سے قبل ٹوئٹر پر ان کے 86 ملین سے زیادہ فالوورز تھے۔ اپنے ٹویٹرہینڈل پر پابندی لگنے کے بعد مسٹر ٹرمپ نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل شروع کیا تھا جس میں ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کم فالوورز ہیں۔