تل ابیب: اسرائیلی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم نے بتایا کہ تل ابیب میں منگل کو چاقو کے حملے میں چار افراد زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے “یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاقو سے مسلح ایک دہشت گرد نے نہالات بنیامین سٹریٹ پر تین شہریوں اور گرزنبرگ سٹریٹ پر ایک شہری پر حملہ کر دیا”۔
بعد میں پولیس نے ایک بیان میں کہا: “دہشت گرد جو ایک 28 سالہ غیر ملکی شہری تھا، اسے بے اثر کر دیا گیا تھا۔”
تل ابیب کے اچیلوف ہسپتال نے کہا کہ وہاں چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے تین افراد لائے گئے جن میں سے “ایک کی حالت تشویشناک تھی جس کی “گردن پر چاقو کے زخم” آئے اور اسے سرجری کے لیے لے جایا گیا تھا۔
نہالات بنیامین گلی اور تل ابیب کے اردگرد کے محلے اپنے ریستوراں اور رات کی تفریحی سرگرمیوں کے لیے مشہور ہیں۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ اے ایف پی کے ایک صحافی نے سڑک پر ایک شخص کی لاش دیکھی۔
ذمہ داری قبول کیے بغیر فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے ایک بیان میں اس حملے کو “بہادرانہ کارراوائی” کے طور پر سراہا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں “اضافہ” ہو رہا ہے۔
چار دنوں میں تل ابیب میں چاقو سے ہونے والا یہ دوسرا حملہ تھا جس سے قبل ایک اور حملہ آور نے ہفتے کے روز ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس حملہ آور کو ایک اور مسلح شہری نے گولی مار دی۔