ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان اس وقت خبروں میں ہیں۔ 16 جنوری کو ان پر ان کے گھر میں ہی حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے اور بعد میں انہیں لیلاورتی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ اب سیف کی حالت بہتر ہو چکی ہے اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس دوران سیف علی خان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ مذہب سے متعلق بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے اس انٹرویو میں ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں گھر خریدنے میں مشکلات پیش آئیں کیونکہ انہیں کہا گیا کہ “ہم مسلمان کو گھر نہیں بیچتے”۔
سوشل میڈیا پر سیف علی خان کا یہ ویڈیو ان کی ایک فلم کے دوران کا ہے جس میں انھوں نے کہا “آپ کوشش کریں مسلمان بن کر جوہو میں فلیٹ خریدنے کی، تو کوئی کہے گا کہ نہیں، ہم مسلمان کو نہیں بیچتے۔اس کے بعد سیف علی خان نے مزید کہا “آدمی اپنی بیوی سے جھگڑتا ہے، بھائی،بھائی سے جھگڑتے ہیں، تو پھر ممالک اور مذاہب کے درمیان جھگڑا ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا یہ حقیقت ہے کہ انہیں گھر خریدنے میں مشکلات آئیں، تو سیف نے بتایا، “ہاں، میں نے پوچھا تھا کہ یہاں گھر خرید سکتے ہیں؟ تو کہا گیا کہ نہیں یہاں مسلمان کو گھر نہیں بیچتے۔ پھر میں نے کہا چلیں کہیں اور دیکھ لیتے ہیں۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں تھی، لیکن اچھی بات بھی نہیں تھی۔”
یاد رہے کہ سیف علی خان اس وقت ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔