اناؤ: اتر پردیش میں ضلع اناؤ کے بانگرمؤ کوتوالی علاقے میں لکھنؤ – آگرہ ایکسپریس وے پر مسافر بس میں آگ لگ گئی، تاہم بس میں سوار تمام مسافر بروقت باہر نکل آئے اور وہ بڑے نقصان سے بال بال بچ گئے۔
پولس سرکل آفیسر اروند کمار نے پیر کے روز بتایا کہ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے کے کلومیٹر نمبر 224 پر گہارپوروا گاؤں کے نزدیک اتوار کی رات تقریباً 9 بجے مسافر بس میں آگ لگ گئی۔ ڈرائیور نے انجن سے دھواں نکلتا دیکھ کر سڑک کنارے بس روک دی اور تمام مسافروں کو باہر نکلنے کو کہا۔
کچھ ہی دیر میں تمام مسافربحفاظت بس سے باہر نکل آئے، جن کی تعداد 50 کے قریب تھی۔ جس کے بعد بس میں بڑی آگ بھڑک اٹھی۔
بس رائے بریلی سے سری گنگا نگر جا رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملہ کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ آتشزدگی کے واقعے کے باعث ایکسپریس وے پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے درہم برہم رہی۔ اس دوران بس میں سفر کرنے والے مسافر دوسری گاڑیوں سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوتے رہے۔