نئی دہلی: گوا میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران ایک حادثہ پیش آیا جس میںایک خاتون سیاح اور ٹرینر کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہماچل پردیش کے کانگڑا اور کُلّو ضلعوں میں 24 گھنٹے کے اندر دو الگ الگ پیرا گلائیڈنگ حادثات میں دو سیاحوں کی موت کے ایک دن بعد ہوا ہے۔
پولیس نے اتوار کو بتایا کہ شمالی گوا میں پیرا گلائیڈنگ کرتے وقت 27 سالہ خاتون سیاح اور اس کے ٹرینر کی کھائی میں گرنے سے موت ہو گئی۔ حادثہ ہفتہ کی شام کیری گاؤں میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ پونے کی رہنے والی شیوانی دابلے اور ان کی ٹرینر نیپالی شہری سومل نیپالی (26) کی شام تقریباً 5 بجے کیری پٹھار پر حادثہ میں موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق جس ایڈونچر اسپورٹس کمپنی کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ کرنے کا متبادل چنا تھا وہ غیر قانونی طور سے چل رہی تھی۔ منڈریم پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کے مطابق پیرا گلائیڈر چٹان سے اُڑان بھرنے کے فوراً بعد کھائی میں گر گیا جس سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
کمپنی کے مالک شیکھر رائے زادہ کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔