نرمل، 15/جنوری(ایم-اے-وحید) تلنگانہ کے نرمل شہر میں پتنگ بازی کے دوران 10 سالہ محمد حذیف کی موت ہوگئی ۔ جو گلزار مارکٹ کے رہائشی تھے،
بتایا جاتا ہے کہ چہارشنبہ کی دوپہر 12:30 بجے قدیم سبزی مارکٹ کی چھت پر پتنگ بازی کے دوران محمد حذیف اپنا توازن کھو بیٹھے اور سر کے بل نیچے گر پڑے۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر انہیں گورنمنٹ ہسپتال منتقل کیا،
جہاں ڈاکٹروں نے طبی امداد فراہم کی اور انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم کامیاب نہیں ہوئے اور ڈاکٹروں نے بعد میں محمد حذیف کو مردہ قرار دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی راجیش مینا اور سی آئی پروین کمار گورنمنٹ ہسپتال پہنچے،
جہاں انہوں نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پنچ نامہ تیار کیا۔اس موقع پر مجلس کے سابق کونسلر رفیع احمد قریشی بھی موجود تھے۔بعد ازاں نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کیا گیا اور بعد از پوسٹ مارٹم، نعش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
نماز جنازہ بعد نماز عشاء گلزار مسجد میں ادا کی گئی، اور تدفین مسجد سے متصل قبرستان میں عمل میں لائی گئی۔ان کی نماز جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔