زکوٰۃ سینٹر انڈیا (ZCI) نے 14 اور 15 جنوری 2025 بروز منگل اور چہارشنبہ کو حیدرآباد میں جنوبی ہندوستان کے چیاپٹرز کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ ورکشاپ میں جنوبی ہندکے مختلف یونٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔جس کا مقصد زکوٰۃ کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا، بہترین حکمت عملی کو بروئے کارلانا، اور مستقبل کے ترقیاتی پروگرامس کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔ورکشاپ میں زکوٰۃ سینٹر انڈیا کے جنوبی ہندکے یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام سرگرمیوں کو موثر طریقے سے انجام دیا جاسکے۔2025 کے لئے ترقیاتی منصوبوں میں کمیونٹی ماڈلز کی تیاری، کاروباری رہنمائی پروگرامس، اور زکوٰۃ کی مزید منظم تقسیم پر غور کیا گیا۔مائیکرو فنانس اداروں اور ہنر کی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ورکشاپ کے اختتام پر 15 جنوری 2025 بروز چہارشنبہ کو مسلم جنرل ہاسپٹل،ٹولی چوکی کے کانفرنس ہال پرپریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر زکوٰۃ سینٹر انڈیا کے چیئرمین جناب ایس امین الحسن اور سیکریٹری جناب عبدالجبار صدیقی نے میڈیا کو ورکشاپ کے نتائج اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔چیئرمین جناب ایس امین الحسن نے کہاکہ زکوٰۃ سینٹر انڈیا کا نصب العین ہے کہ کمزور اور پسماندہ طبقوں کی مدد کی جائے اور انہیں خود مختاری کی طرف لے جایا جائے۔ اس ورکشاپ نے ہمیں یہ موقع دیا کہ ہم اپنی حکمت عملیوں کا جائزہ لیں اور انہیں مزید مؤثر بنائیں۔سیکریٹری جناب عبدالجبار صدیقی نے کہاکہ ہم نے سال 2025کے لیے مضبوط منصوبے تیار کئے ہیں، جن میں زکوٰۃ کی بہتر تقسیم، کمیونٹی کی ترقی، اور کاروباری رہنمائی شامل ہے۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحقین تک پہنچنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سال2024 میں چار ہزار سے زائد مستفیدین نے زکوٰۃ سینٹر انڈیا کی اسکیموں سے فائدہ اٹھایااستفادہ کیا۔یونٹس کی تعداد 2022 میں 9 سے بڑھ کر 2024 میں 21 ہوگئی۔سوشل میڈیا کے زریعہZCI کے پیغامات 3.4 کروڑ افراد تک پہنچائے گئے۔مائیکرو فنانس اور ہنر کی تربیت کے شعبوں میں متعدد شراکت داروں کے ساتھ معاہدے کئے گئے۔ فنڈز کی تقسیم اور کل اعداد و شمار کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کل مستفیدین دس ہزار سے زائد ہیں اور11 ریاستوں مہاراشٹر (5)، تلنگانہ (2)، گجرات (1)، راجستھان (1)، پنجاب (1)، دہلی (1)، مدھیہ پردیش (2)، تمل ناڈو (1)، کرناٹک (3)، اتر پردیش (2)، بہار (2)میں 21یونٹس کام کر رہی ہیں۔فنڈز کی تقسیم کچھ اس طرح رہی۔معاشی ترقی اور ہنر کی تربیت(62.8فیصد)،تعلیمی وظائف(15فیصد)،راشن اور پنشن(14.9 فیصد)۔ الحمد للہ،زکوٰۃ سینٹر انڈیا روشن مستقبل کی طرف پیش رفت کر رہا ہے اوراپنی تمام تر توانائی اور وسائل کے ساتھ کمزور طبقوں کو خود مختار بنانے اور انہیں پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر مولانا محی الدین غازی فلاحی اور سید تنویر الحق بھی موجود تھے۔ زکوٰۃ سینٹر انڈیا سے متعلق ای میل: [email protected] یاویب سائٹwww.zakatcenterindia.org پر مزید تفصیلات اور معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔