لاہور: جیل میں بندسابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 9 مئی 2023ء کے تشدد سے جڑے 8 کیسس میں مابعد گرفتاری ضمانت کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ان میں ایک سینئر فوجی عہدیدار کی قیام گاہ پر حملہ کا کیس شامل ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں ہفتہ کے دن علیحدہ درخواستیں داخل کی گئیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کیسس میں عمران خان کو ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا۔
72 سالہ عمران خان نے اپنی درخواستوں میں دلیل دی ہے کہ استغاثہ 9 مئی کے تشدد میں ان پر ملوث ہونے کو ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ یہ تشدد ان کی گرفتاری کے بعد پھوٹ پڑا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلہ میں 12 کیسس میں عمران خان کا نام لیا گیا ہے حالانکہ وہ4 کیسس میں ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔ امکان ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں پیر کے دن سماعت ہوگی۔ عمران خان متعدد کیسس میں اگست 2023ء سے جیل میں بند ہیں۔