[]
حیدرآباد: حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) نے ونڈے ورلڈکپ کے شیڈول میں تبدیلی کیلئے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو خط لکھا ہے۔
نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کا میچ 9 اکتوبر کو اپل کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ہوناہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ اگلے دن یعنی 10 اکتوبر کو ہونا ہے۔
سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر 9 میچوں کے شیڈول میں پہلے ہی تبدیلی کی جاچکی ہے۔ 10 اکتوبر کو کھیلا جانے والا یہ میچ پہلے 12 اکتوبر کو کھیلا جانا تھا لیکن ہند۔پاک میچ کو ری شیڈول کرنے کی وجہ سے لگاتار دو میچ حیدرآباد میں کھیلے جانے ہیں۔
ایچ سی اے نے بی سی سی آئی کو خط لکھا ہے جس نے دونوں میچوں کے درمیان 9 اور 10 اکتوبر کو کھیلے جانے کا وقت مانگا ہے۔ ایچ سی اے نے کہاکہ حفاظتی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں تبدیلی کی جائے۔ حیدرآباد پولیس نے بیک ٹو بیک میچوں بالخصوص پاکستان کے میچوں کیلئے سیکورٹی فراہم کرنے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔
حیدرآباد میں 3 میاچس کھیلے جانے ہیں۔ پہلا میچ 6 اکتوبر کو پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا میچ 9 اکتوبر کو ہوگا جبکہ تیسرا میچ 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جانا ہے۔ اس لیے پاکستان نے بھی اس میچ سے قبل وقت کا مطالبہ کیا تھا۔
اگر ایچ سی اے کی تجویز کے بعد میچ کا مقام یا تاریخ تبدیل کی جاتی ہے تو حیدرآباد میں سفر کا منصوبہ بنانے والے شائقین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ ٹکٹوں کی فروخت میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 27 جون کو ہی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
تاہم سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر 9 میچوں کی تاریخیں تبدیل کردی گئیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 9 اگست کو ونڈے ورلڈکپ 2023 کا نیا شیڈول جاری کیا۔ تازہ ترین شیڈول میں 9 میچوں کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی۔
ہند۔پاک میچ اب احمد آباد میں 15 اکتوبر کی بجائے 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ 12 نومبر کو کولکتہ میں ہونے والا پاکستان اور انگلینڈ کا میچ اب 11 نومبر کو ہوگا۔ میچ کو ری شیڈول کرنے کا معاملہ دو ہفتے قبل شروع ہوا تھا جب احمدآباد پولیس نے کہا تھاکہ انہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کیلئے سیکوریٹی فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ ہندوؤں کا تہوار نوراتری بھی 15 اکتوبر کو شروع ہورہا ہے جس کی وجہ سے پولیس کو بیک وقت دو جگہوں پر سیکورٹی پلاننگ کریں۔
سیکوریٹی کے پیش نظر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو اب 14 اکتوبر کو ری شیڈول کردیا گیاہے۔ اس کو سنبھالنے کیلئے 10 سے 15 اکتوبر کے درمیان مزید 5 میچوں کو ری شیڈول کرنا پڑا۔ احمد آباد کے بعد کولکتہ پولیس نے گزشتہ ہفتے کہا تھاکہ کالی پوجا کے تہوار کی وجہ سے 12 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کیلئے انہیں سیکوریٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس کے باعث اب پاکستان اور انگلینڈ کا میچ 11 اکتوبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب 12 اکتوبر کو ہندوستان اور ہالینڈ کے درمیان میچ اب بنگلورو میں کھیلا جائے گا جو پہلے 11 نومبر کو کھیلا جانا تھا۔تاہم دوسری جانب بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہاکہ ورلڈکپ شیلوڈ میں مزید تبدیلیوں کا امکان نہیں ہے کیونکہ اس میں متعدد اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں ورلڈکپ کیلئے حیدرآباد وینیو کا انچارج ہوں۔ اگر کوئی مسئلہ ہے یا کچھ ہے تو اسے حل کرنے کی کوشش کریں گے لیکن ورلڈکپ کے شیڈول کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے۔