مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس (حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ) نے امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعاء پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم قابض صیہونی حکومت، امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے یمن پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یمنی صوبے عمران، الحدیدہ اور صنعاء میں شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی اور یمن کی خودمختاری اور خطے کی سلامتی پر حملہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن کے خلاف یہ دہشت گرد حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام پر صیہونی حملوں کو بھی امریکہ اور برطانیہ کی حمایت حاصل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس یمن کے عوام، مسلح افواج اور انصار اللہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم غزہ کے عوام کی حمایت میں یمنی فوج کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور قابض صیہونی حکومت کے خلاف ان کے جرائت مندانہ اور مؤثر حملوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
حماس نے عرب اور اسلامی دنیا کی اقوام، حکومتوں، افواج، تنظیموں اور جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی دہشت گردی اور فلسطینی، یمنی اور دیگر خطے کے عوام پر اس کی جارحیت کے خلاف متحد ہوجائیں۔