[]
قومی راجدھانی دہلی میں جمعرات کو مسلسل تیسرے دن ہوا کا معیار سنگین زمرے میں ہے۔ کچھ دنوں کی راحت کے بعد اے کیو آئی ایک بار پھر خطرناک پوزیشن کے قریب پہنچ گیا ہے۔ صبح 6 بجے اوسط ایئر کوالیٹی انڈیکس 448 درج کیا گیا۔ وہیں دہلی میں کہرے کی چادر چھائی رہنے کے ساتھ کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
صبح کے وقت دہلی اور آس پاس کے علاقوں جیسے نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام میں شدید کہرا اور اسماگ دیکھنے کو ملا۔ اس کی وجہ سے حد نگاہ کافی کم ہوگئی۔ کہرے کی وجہ سے صفدر جنگ میں صبح کم سے کم حد نگاہ 250 میٹر اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پاس 600 میٹر رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ جاری رہنے کے آثار ہیں۔ ساتھ ہی کہرے کو لے کر اگلے دو دنوں کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔