[]
ایس ایم کرشنا کے انتقال پر کانگریس صدر کھڑگے، راہل اور پرینکا گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا۔ کرشنا کو کرناٹک کی ترقی اور بنگلورو کو عالمی شہرت دلانے میں ان کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا
نئی دہلی: کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستان کے سابق وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا کے انتقال پر کانگریس قیادت نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ 92 سالہ ایس ایم کرشنا 10 دسمبر کی صبح بنگلورو میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ وہ عمر سے متعلق بیماریوں کا علاج کروا رہے تھے۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا، ’’ایس ایم کرشنا کے انتقال پر نہایت رنجیدہ ہوں۔ اُن کی بصیرت، لگن اور بے مثال عوامی خدمت نے نہ صرف کرناٹک بلکہ ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ میرے لیے ایک ذاتی نقصان ہے کیونکہ ہم نے کئی مواقع پر ریاستی اور قومی سطح پر مل کر کام کیا۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’’ایس ایم کرشنا کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ اُن کی دہائیوں پر محیط خدمات نے نہ صرف کرناٹک کی ترقی بلکہ بنگلورو کو ایک ٹیکنالوجی مرکز میں تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’ایس ایم کرشنا کے انتقال سے بہت دکھ پہنچا۔ اُن کے کام نے کرناٹک کی ترقی کو مضبوط کیا اور بنگلورو کو عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ اُن کے اہلِ خانہ کے ساتھ میری گہری ہمدردی ہے۔‘‘
ایس ایم کرشنا، جو اپنی انتظامی صلاحیت اور ذہانت کے لیے مشہور تھے، کا سیاسی سفر پانچ دہائیوں سے زائد پر محیط رہا۔ انہوں نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ، مرکزی وزیر خارجہ، مہاراشٹر کے گورنر کی حیثیت سے اہم خدمات انجام دیں۔ انہیں بنگلورو کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عالمی مرکز بنانے کا سہرا دیا جاتا ہے، جس نے ریاست کو عالمی سطح پر پہچان دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔