[]
ممبئی کے علاقے کرلا میں پیر کی رات مہارشٹرا کی آر ٹی سی بس نے کئی لوگوں کو روند ڈالا ۔جس کے نتیجے میں 7 افراد کی موت ہوگئی اور 49 افراد زخمی ہوگئے ان تمام کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کردیا گیا۔
زخمیوں کو سیون اور کرلا بھابھا اسپتال لے جایا گیا ہے۔ یہ حادثہ کرلا ویسٹ ریلوے اسٹیشن روڈ پر امبیڈکر نگر کے قریب ہوا۔ بس کرلا اسٹیشن سے اندھیری کی طرف جارہی تھی۔ یہ بس برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاتی ہے
ملزم ڈرائیور سنجے مورے پیر کے دن پہلی بار بس چلا رہا تھا۔ وہ یکم دسمبر کو ہی کنٹریکٹ ڈرائیور کے طور پر شامل ہوا تھا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرائیور نے بریک کے بجائے ایکسلریٹر دبایا، جس کی وجہ سے بس بے قابو ہوگئی اور حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور وہ حادثے کے بعد سے حراست میں ہے۔
حادثے کے دوران ایک عینی شاہد زید احمد نے بتایا کہ وہ ریلوے اسٹیشن جارہے تھے جب انہوں نے بس کو تیزی سے جھولتے ہوئے دیکھا۔
ان کے مطابق، بس نے پیدل چلنے والوں، ایک آٹو رکشہ اور تین گاڑیوں کو ٹکر ماری۔ زید نے زخمی مسافروں کو رکشہ سے نکال کر بھابھا اسپتال پہنچایا اور ان کے دوستوں نے بھی مدد فراہم کی۔
یہ بس تین مہینے پرانی ہے، جو 12 میٹر لمبی الیکٹرک بس ہے۔ یہ بس اولیٹرا کمپنی نے تیار کی ہے اور کارپوریشن نے اسے لیز پر لیا ہے۔ بس 20 اگست کو رجسٹر کی گئی تھی اور ڈرائیور خانگی آپریٹرز کی طرف سے فراہم کیے جاتے ہیں۔ حادثے کے بعد متاثرین کے خاندان شدید صدمے میں ہیں۔