[]
کولکتہ: ہندوستان میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ میں 2 ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ دریں اثنا کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کیلئے جاری تزئین و آرائش کے کام کے دوران آگ لگنے کا ایک ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
اس آگ کی وجہ سے اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ فائر بریگیڈ کے عملے کو اس آگ کو بجھانے میں ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔ ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں 9 اگست کی رات تقریباً 11 بجکر 50 منٹ پر آگ لگی۔
رپورٹ کے مطابق فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں بھی فوری طورپر آگ بجھانے کے مقام پر پہنچ گئیں۔ آگ ڈریسنگ روم کی فالس سیلنگ میں لگی جہاں کرکٹرز کا سامان رکھا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے وہاں موجود کھلاڑیوں کا پورا سامان جھلس گیا۔
اب اس آگ کی وجہ سے اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے میاچس سے قبل تیاریوں کو لیکر ایک اہم سوال بھی سب کے سامنے کھڑا ہوگیا ہے۔ ونڈے ورلڈکپ 2023 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کل 5 میچوں کا انعقاد کیا جانا ہے جس میں ایک سیمی فائنل میچ بھی شامل ہے۔
بنگال کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی) نے اسٹیڈیم میں آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔ اسٹیڈیم میں جاری تزئین و آرائش کا کام 15 ستمبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ہالینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد 31 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ہوگا۔ دوسری جانب اس اسٹیڈیم میں 5 نومبر کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے علاوہ 11 نومبر کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی دوسرا سیمی فائنل میچ بھی اسی گراؤنڈ پر 16 نومبر کو کھیلا جانا ہے۔ آگ لگنے کے اس واقعہ نے یقینی طورپر سی اے بی کو مشکل میں ڈال دیاہے کیونکہ آئی سی سی کے نمائندوں کی ٹیم اگلے ماہ دوبارہ اسٹیڈیم کا دورہ کرے گی۔