[]
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو ایک بار پھر بیروزگاری پر بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے پاس روزگار کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے، اس لیے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) جیسے بڑے ادارے بھی بے روزگاری کے مسئلے سے دوچار ہوگئے ہیں۔
گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا، ” ’بے روزگاری کی بیماری‘ کی زد میں اب آئی آئی ٹی جیسے اعلیٰ ادارے بھی آ چکے ہیں۔ آئی آئی ٹی ممبئی میں پچھلے سال 32 فیصد اور اس سال 36 فیصد طلباء کا پلیسمنٹ نہیں ہوسکا۔”
انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے سب سے باوقار ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی یہ حالت ہے تو سوچئے کہ بی جے پی نے پورے ملک کی کیا حالت کر دی ہے۔ نریندر مودی کے پاس روزگار فراہم کرنے کی نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی نیت، وہ صرف جذباتی مدوں کے جال میں پھنسا کر ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا، “کانگریس کی طرف سے نوجوانوں کے لیے روزگار کا ٹھوس منصوبہ ملک کے سامنے پیش کیے ہوئے تقریباً ایک مہینہ گزر چکا ہے، لیکن بی جے پی حکومت نے اس معاملے پر اب تک سانس بھی نہیں لی ہے۔ نوجوان اس حکومت کو اکھاڑ کر اپنے مستقبل کی بنیاد خود رکھیں گے۔ کانگریس کا یوتھ جسٹس ملک میں ایک نئے ’روزگار انقلاب‘ کو جنم دے گا۔