[]
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ مطالبہ پر جواب دیا ہے کہ پہلے اپنی بیویوں کی ہندوستانی ساڑیوں کو آگ لگاؤ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے جو رہنما ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں انہیں یہ بتانا ہو گا کہ ان کی بیویوں کے پاس کتنی ہندوستانی ساڑیاں ہیں اور وہ انہیں آگ کیوں نہیں لگا رہے ہیں۔
حکمراں عوامی لیگ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم حسینہ واجد نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ان رہنماؤں کو مخاطب کیا جو بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں اور کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ ان کی بیویوں کے پاس کتنی انڈین ساڑیاں ہیں؟ اور وہ اپنی بیویوں سے ساڑیاں لے کر انہیں پہلے آگ کیوں نہیں لگا رہے۔
حسینہ واجد نے الزام عائد کیا کہ جب بی این پی اقتدار میں تھی تو اس کے وزرا اور ان کی بیویاں انڈیا کے دوروں پر ساڑیاں خرید کر بنگلہ دیش میں فروخت کرتی تھیں۔
بنگلہ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اب جب یہ بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں تو گرم مسالہ، پیاز، لہسن، ادرک اور وہ تمام مسالے جو انڈیا سے آتے ہیں ان کے گھروں میں نظر نہیں آنے چاہییں۔‘
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ’انڈیا آؤٹ‘ مہم چل رہی ہے جسے کچھ سماجی کارکنوں نے شروع کیا اور پھر حزب اختلاف کے سیاست دانوں کے ایک حصے نے اس کی حمایت کی۔
مہم میں شامل افراد کا دعویٰ ہے کہ انڈیا اقتدار میں رہنے کے لیے شیخ حسینہ کی پشت پناہی کر رہا ہے کیونکہ یہ اس کے مفادات کے مطابق ہے۔