[]
نئی دہلی: سابق رکن اسمبلی مختارانصاری کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالہ کردیا گیا۔باندہ کے رانی دُرگاوی میڈیکل کالج سے پوسٹ مارٹم کے بعد سخت سیکورٹی کے درمیان مختار انصاری کی نعش کو 26 گاڑیوں کا قافلہ شام تقریباً 5 بجے غازی پور کے لیے روانہ ہوا۔
اس قافلے میں موجود مختار کے وکیل نسیم حیدر نے بتایا کہ ان کا جسد خاکی چھوٹے بیٹے عمر انصاری، بہو نکہت انصاری اور دو چچازاد بھائیوں کے سپرد کیا گیا۔ جسد خاکی کے ساتھ ایمبولنس میں عمر انصاری، نکہت انصاری اور دونوں چچازاد بھائی سوار ہیں۔ مختار انصاری کی نعش کو غازی پور ضلع کے محمد آباد یوسف پور واقع ان کی آبائی رہائش گاہ منتقل کیا جارہا ہے۔ پولیس نے نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ان کے بیٹے عمر انصاری کے حوالے کر دیا۔
مختار انصاری کی موت کے بعد پورے اترپردیش میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اتر پردیش حکومت نے 144 سکشن کے تحت امتناعی احکامت نافذ کردئیے ہیں۔ مختار انصاری کی نعش کے آج رات دیرگئےمحمد آباد پہنچنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی تدفین کل یعنی 30 مارچ کو انجام دی جائے گی۔تدفین کالی باغ میں واقع خاندانی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔