[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تہران میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات کی اور فلسطین سمیت خطے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی حکام نے حماس کے اعلی رہنما کا سرکاری طور پر استقبال کیا۔ دونوں رہنما آج پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
اسماعیل ہنیہ کا دورہ ایران اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ گذشتہ روز ہی اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کی ہے۔
صہیونی حکومت نے 7 اکتوبر کے بعد غزہ پر جارحیت اور ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے۔ گذشتہ چھے مہینوں کے دوران فضائی بمباری اور گولہ باری کی وجہ سے 32142 بے گناہ فلسطینی شہید اور 74412 زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا ء اور زخمیوں میں بے گناہ خواتین اور معصوم بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
بمباری کے علاوہ اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کا راستہ بھی بند کررکھا ہے جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔