ایران، روس، چین کی مشترکہ بحری مشقیں، مغوی جہازوں کی بازیابی اور فضائی اہداف کو تباہ کرنے کا مظاہرہ

[]

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقوں کے ترجمان ریئر ایڈمرل مصطفیٰ تاج الدینی نے کہا ہے کہ مشقوں میں حصہ لینے والے تینوں ممالک کی بحری اور فضائی یونٹوں نے بین الاقوامی پانیوں میں قزاقوں کے ذریعے اغوا کیے گئے دو تجارتی جہازوں کو بچانے کی مشق کی۔

انہوں نے کہا کہ مشقوں کے دوران چابہار میری ٹائم ریسکیو سب سنٹر (ایم آر سی سی) کو ایس او ایس پیغام بھیجے جانے کے بعد ایرانی بحریہ کے ایس ایچ تھری ڈی ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاسوسی اور تلاشی کی کارروائی کی گئی۔ اس کے بعد بحریہ کے سہند ڈسٹرائر کو ریسکیو آپریشن کے لیے علاقے میں بھیج دیا گیا۔

ایڈمرل تاج الدینی نے مزید کہا کہ ایرانی بحریہ اور سپاہ پاسداران انقلاب کے ساتھ ساتھ روس اور چین کے خصوصی دستوں نے اغوا شدہ جہازوں کے عرشے پر اترنے، قزاقوں کو حراست میں لینے اور جہاز کو بچانے کے لیے آپریشن کیا۔علاوہ ازین مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لینے والی افواج نے دن رات لائیو فائرکرنے کی مشقیں بھی کیں۔

یاد رہے کہ شمالی بحرہند اور خلیج عمان میں میری ٹائم سیکیورٹی بیلٹ 2024 بحری مشقوں کا منگل کو آغاز ہوا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری اور فضائی یونٹ کے علاوہ چینی اور روسی بحری دستوں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔

مشقوں میں آذربائیجان، قازقستان، عمان، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے بحری وفود نے بطور مبصر شرکت کی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *