[]
دھولیہ: کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن 5 ”مہیلا نیائے گارنٹیز“ کا اعلان کیا۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس کے برسراقتدار آنے پر غریب عورتوں کو سالانہ ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور سرکاری نوکریوں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن ملے گا۔
اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشنس جئے رام رمیش نے وعدہ کیا کہ کانگریس کے برسراقتدار آنے پر دستوری ترمیم کی جائے گی اور ریزرویشن کی 50 فیصد حد برخاست کردی جائے گی۔ مہاراشٹرا کے ضلع دھولیہ میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران مہیلا ریالی میں راہول گاندھی نے 5 مہیلا نیائے ضمانتوں کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ غریب عورتوں کے بینک کھاتوں میں سالانہ ایک لاکھ روپے جمع کرادیئے جائیں گے۔ ان کی پارٹی‘ سرکاری نوکریوں میں عورتوں کو 50 فیصد ریزرویشن دے گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آشا ورکرس‘ آنگن واڑی ورکرس اور مڈڈے میل اسکیم میں مرکزی حکومت کا حصہ دُگنا کردیا جائے گا۔
عورتوں کو ان کے حقوق کی جانکاری دینے اور ان کے کیسس لڑنے میں مدد دینے کے لئے ایک نوڈل عہدیدار کا تقرر کیا جائے گا۔ ملک کے ہر ضلع میں عورتوں کے لئے ساوتری بائی پھلے ہاسٹلس کھولے جائیں گے۔
کانگریس قائد نے کہا کہ انہوں نے کنیاکماری تا سری نگر اپنی پچھلی بھارت جوڑو یاترا کے دوران 4 ہزار کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کیا اور لاکھوں کسانوں سے بات چیت کی۔ منی پور تا ممبئی دوسری یاترا میں لفظ نیائے جوڑا گیا کیونکہ کسانوں‘ نوجوانوں اور عورتوں نے راہول گاندھی سے کہا تھا کہ تشدد اور نفرت کی وجہ ناانصافی ہے۔
حلقہ وائناڈ کے رکن ِ لوک سبھا نے دعویٰ کیا کہ صنعتکاروں کا 15لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کردیا گیا لیکن کسانوں اور نوجوانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا۔ اس سے بڑی ناانصافی اور کیا ہوسکتی ہے۔ کانگریس کی بھاگیداری اسکیم کا مقصد سبھی ذاتوں اور برادریوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔
انہیں ان کی آبادی کے لحاظ سے وسائل بانٹنا ہے۔ راہول گاندھی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں ریزرویشن کے نام پر مرکز نے عورتوں کو بے وقوف بنایا کیونکہ پارلیمنٹ میں بل تو منظور ہوگیا لیکن اس کی عمل آوری میں 10سال لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مہیلا آرکشن (ویمنس ریزرویشن)فوری لاگو کرے گی۔ راہول گاندھی کی تقریر سے قبل کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ایک بیان میں کہا کہ مہالکشمی گارنٹی کے تحت غریب عورتوں کے کھاتوں میں ہر سال ایک لاکھ روپے راست جمع کرادیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ”آدھی آبادی پورا حق“ مطلب سرکاری نوکریوں میں عورتوں کے لئے 50 فیصدکوٹہ۔