[]
حیدرآباد: مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر نے تعلیم و روزگار میں 4 فیصدمسلم تحفظات ختم کردینے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کو گرام فون ریکارڈنگ قرار دیا اور کہا کہ جب بھی امیت شاہ حیدرآباد کے دورہ پر آتے ہیں تو مسلمانوں کو حاصل 4فیصد تحفظات کو ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہیں۔ ان کی اس دھمکی سے ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔
سابقہ کانگریس حکومت نے متحدہ ریاست آندھرا و تلنگانہ میں سماجی ومعاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کو 4فیصد تحفظات فراہم کئے ہیں۔ اور یہ تحفظات سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط اور سچر کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فراہم کئے گئے ہیں۔
کوئی بھی حکومت مسلم تحفظات کو ختم نہیں کرسکتی۔ 4فیصد مسلم تحفظات امیت شاہ یا مودی کی جاگیر نہیں ہے یہ کانگریس کی جاگیر ہے۔ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت تلنگانہ میں جب تک اقتدار میں رہے گی 4فیصد تحفظات پر عمل کرتے رہے گی۔ مسلمانوں کو 4فیصد تحفظات کی فراہمی سے کسی بھی دوسرے طبقات کو کوئی نقصان نہیں ہے۔
امیت شاہ، دراصل دستور سے واقف نہیں ہیں۔ محمد علی شبیر آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں شہری ترمیمی قانون (سی اے اے) کے نفاذ سے متعلق محمد علی شبیر نے کہا کہ سی اے ا ے سے مسلمانوں کو گھبرانے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہیں ہے۔
مسلمانوں کو اس قانون سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ یہ قانون بیرونی ممالک سے آنے والے غیر مسلموں کی شہریت دینے سے متعلق لایا گیا۔ یہ پوچھے جانے پر اس قانون سے متعلق کانگریس کا کیا موقف ہے؟ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی شروع ہی سے سی اے اے کے خلاف ہے۔
کانگریس کی زیر اثر ریاستوں بشمول تلنگانہ میں اس قانون کو روبہ عمل نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریورنٹ ریڈی بھی بہت جلد اس پر اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔ آیا کانگریس پارٹی مجلس کے سامنے جھک گئی ہے؟۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس ایک قومی سیکولر جماعت ہے۔
کسی کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جہاں تک پرانا شہر میں ترقیاتی پروجیکٹ میٹرو ریل لائن کی تعمیر، موسی ندی کو خوبصورت بنانے اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کو شروع کرنے کا سوال ہے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پرانا شہر کے 10سال سے زیرالتواء میٹرو ریل پروجیکٹ کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔
اس کیلئے چیف منسٹر نے مجلس کے تعاون سے یہ کام کیا ہے اس میں کوئی سیاسی مفاد نہیں ہے۔ انہونے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس کے درمیان کیا چل رہا ہے؟۔ امیت شاہ محض سیاسی مفاد کیلئے کانگریس کو بدنام کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی گمراہ کن باتوں میں آنے والے نہیں ہے۔
مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی تنہا مقابلہ کرتے ہوئے 17 کے منجملہ 15 حلقوں پر کامیابی حاصل کریں گی۔ محمد علی شبیر نے ریاستی کابینہ میں مختلف کمزور وپسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے16 کارپوریشنوں کی منظوری پر چیف منسٹر ریونٹ ریڈی سے اظہایر تشکر کیا۔